پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل جیو انٹرٹینمنٹ سے نشر ہونے والے ڈرامے ’حادثہ‘ کے آن ایئر کرنے پر فی الفور پابندی عائد کرتے ہوئے معاملہ پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس کو بھیج دیا ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ڈرامے کی کہانی پاکستانی معاشرتی اقدار سے بالکل مناسبت نہیں رکھتی۔ غیر معیاری مواد، نامناسب کہانی اور عوامی در عمل کو سامنے رکھتے ہوئے ڈرامہ سیریل پر پیمرا ایکٹ کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کونسل آف کمپلینٹس اس معاملے پر پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی روشنی میں ڈرامہ نشر کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔‘
پیمرا نے کہا ہے کہ انھیں گذشتہ چند دنوں میں اس ڈرامے کے حوالے سے بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس ضمن میں آواز اٹھائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل حادثہ کے بارے میں چند ناظرین کا خیال یہی ہے کہ یہ کہانی 2020 کے موٹروے ریپ واقعہ کے گرد بُنی گئی ہے ۔


0 Comments